جہلم،خواتین کے حقوق اور معاشرتی ترقی میں کردار کے تحت سیمینار کا انعقاد

جہلم(طار ق مجید کھوکھر)پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جہلم کی جانب سے کثیر الجہتی پروگرام کے تحت خواتین کا عالمی دن فیملی پلاننگ بنیادی انسانی حق: خواتین کے حقوق اور معاشرتی ترقی میں کردار کے تحت سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وویمن ڈویلپمینٹ ڈیپارٹمنٹ جہلم نے معاونت کی، سیمینار ویلکم ہال سوہاوہ

میں کیا گیا۔ممبر پنجاب اسمبلی صبرینہ جاوید کیانی سیمینار کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں شاہدہ شاہ سماجی کارکن اور دیگر سیاسی وسماجی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر مریم ستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کم عمری کی شادی اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ کا نہ ہونا ماں اور بچے کی صحت کو لاحق خطرات میں اضافہ کا باعث ہے اسلیئے یہ ضروری ہے کہ بچوں کی پیدائش میں کم از کم تین سال کا وقفہ ضروری ہے اور یہ عورتوں کے عالمی دن کے حوالہ سے اہم پیغام ہے تاکہ ماں کی صحت کو لاحق خطرات میں کمی کی جاسکے۔ممبر صوبائی اسمبلی صبرینہ جاوید نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کی ترقی اور ان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کردار کو اجاگر کرنے پر اپنی تمام توجہ اور وسائل کو مرکوز کیے ہوئے ہے آپ نے مزید کہا کہ حقوق اور فرائض ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں اگر ہم میں سے ہر کوئی اپنے فرائض کی ادائیگی احسن طریقے سے نبھائے تو کسی کو حقوق مانگنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے عورتوں کے حقوق و فرائض متعین کر دئیے ہیں اور ہمارے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی رہنمائی میں خواتین کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور تمام منتخب نمائندوں کو مقامی سطح پر اس بارے میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم بابر ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت اور سیاسی قیادت کی رہنمائی میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اپنی کاوشوں میں بہتری لا کر ہر سطح پر خواتین کے بھرپور کردار کو نہ صرف اجاگر کررہا ہے بلکہ خواتین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے بارے میں بہتر محکمہ جاتی ماحول کی تشکیل میں کوشاں ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں