آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے خدشات کے درمیان عالمی سطح پر تیل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس پر ایران کے اعلیٰ عہدیدار کے بیان نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔
ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پیٹرول کی موجودہ قیمتوں کو “انجوائے کریں”، کیونکہ اگر ناکہ بندی ہوئی تو آپ 4 سے 5 ڈالر والے پیٹرول کو یاد کیا کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک فارمولا پوسٹ کیا۔ ΔO_BSOH>0 ⇒ f(f(O))>f(O)
معروف ماہر معاشیات جاوید حسن نے اس فارمولا کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قالیباف دراصل ایک ریاضیاتی مثال کے ذریعے خبردار کر رہے ہیں کہ اگر آبنائے ہرمز (BSOH) میں رکاوٹ بڑھی تو تیل کی قیمتوں میں صرف ابتدائی اضافہ ہی نہیں بلکہ اس کے بعد مزید بڑا اور مسلسل اضافہ بھی سامنے آ سکتا ہے۔
ان کے مطابق پہلی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوگا، لیکن اس کے بعد دوسرے مرحلے میں سپلائی چین، عالمی معیشت اور توانائی کی مارکیٹ پر اثرات قیمتوں کو مزید اوپر لے جائیں گے۔ سادہ الفاظ میں اگر صورتحال بگڑی تو موجودہ مہنگائی بھی معمولی محسوس ہونے لگے گی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی مارکیٹ کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف پیٹرول بلکہ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






