جنگ بندی سے متعلق بیان ، اسرائیلی وزیراعظم نے ترک صدر کو دھمکی دیدی

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ سے متعلق ان کے حالیہ بیان پر ترک صدر اردوان کو دھمکی دے ڈالی۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز ترک صدر رجب طیب اردوان کو امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی سے متعلق ان کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیل ایران اور اس کے علاقائی ہم نواؤں کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز ترک صدر رجب طیب اردوان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایران کے ’’دہشت گرد نظام‘‘ اور اس کے حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی (سیزفائر) پر اتفاق ہوا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد ترک صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں خبردار کیا تھا کہ ممکنہ اشتعال انگیزی یا تخریب کاری اس معاہدے کو متاثر کر سکتی ہے، تاہم انہوں نے کسی فریق کا نام نہیں لیا تھا۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل ان کی قیادت میں ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف لڑائی جاری رکھے گا، جبکہ انہوں نے اردوان پر الزام عائد کیا کہ وہ ایسے عناصر کو برداشت کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close