پاکستانی نژاد ریپبلکن رہنما ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق امریکا کی 15 شرائط میں سے 11 پر اتفاق ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی 10 شرائط میں سے بھی 7 پر اتفاق طے پا چکا ہے۔ واضح رہے کہ الجزیرہ نے اسلام آباد سے رپورٹ کیا ہے کہ باضابطہ وفود کی آمد سے قبل ہی پیشگی ٹیموں نے ابتدائی امور مکمل کر لیے تھے، جس کے بعد معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ساجد تارڑ کے مطابق “ہمارے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل مطمئن نظر آ رہے ہیں، اگر مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہوتے تو جے ڈی وینس اسلام آباد نہ آتے”۔ تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیل ان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تیسری جنگ عظیم کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے، اور سعودی عرب، خلیجی ممالک کو جنگ میں شامل ہونے سے روکا۔ ان کے مطابق وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نوبیل انعام دیا جانا چاہیے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کوششیں اس لیے کامیاب ہوئی ہیں کیونکہ سعودی عرب، مصر، ترکی اور خاص طور پر چین جیسے دوست ممالک نے اس عمل میں پاکستان کی بھرپور حمایت کی اور مسلسل رابطے میں رہے، جسے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ مذاکرات بالواسطہ نوعیت کے ہیں، جن میں پاکستان دونوں فریقین کے درمیان پیغامات کے تبادلے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






