جنگ سے نکلنے کا راستہ نکالو، ٹرمپ کی جے ڈی وینس کو ہدایت

ایران سے امن مذاکرات کے لیے اسلام آباد روانہ کرنے سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے خلاف جاری جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کی ہدایت کی۔

 

جے ڈی وینس کو ٹرمپ کے قریبی حلقے میں ایران جنگ کے حوالے سے نسبتاً محتاط آواز سمجھا جاتا ہے۔ وہ طویل عرصے سے بیرون ملک فوجی مداخلت کے ناقد رہے ہیں اور کھلی جنگ میں امریکی افواج کی شمولیت کے خلاف تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب جنگ بندی کمزور دکھائی دے رہی ہے اور اس کے ٹوٹنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ایران کے مطالبات اور امریکا و اس کے اتحادی اسرائیل کے مؤقف کے درمیان خلیج کو ماہرین ناقابلِ مفاہمت قرار دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں اسٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر بھی نائب صدر کے ہمراہ ہوں گے۔

دونوں شخصیات اس سے قبل ایرانی حکام کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے تین ادوار میں شریک رہ چکی ہیں، جن کا مقصد ایران کے جوہری اور بیلسٹک پروگرام اور مشرق وسطیٰ میں اس کے حمایت یافتہ گروپوں سے متعلق امریکی خدشات کو دور کرنا تھا۔

یہ مذاکرات 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ کے پس منظر میں ہو رہے ہیں، جس کے بعد امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ کارروائیاں کی تھیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں کسی بڑے بریک تھرو کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close