ایران امریکا جنگ بندی ! پاکستان نے ناممکن کو ممکن کیسے بنایا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

 ایران امریکا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تفصیلات سامنے آگئی ، جس میں بتایا گیا کہ کیسے پاکستان نے ناممکن کو ممکن بنا کر دنیا کو بڑی جنگ سے بچا لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی تزویراتی اہمیت ثابت کر دی ہے، امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی محض کوئی اتفاق نہیں بلکہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی جانب سے انجام دیا گیا ایک ایسا “خفیہ مشن” تھا جس نے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا۔

حکومتی ذرائع نے اس انتہائی مشکل اور اعصاب شکن مشن کی تمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اور رات پاکستان کی سول و عسکری قیادت کے لیے ملکی تاریخ کے مشکل ترین اوقات میں سے ایک تھے، جب ایک طرف تباہ کن جنگ کی ڈیڈ لائن ختم ہو رہی تھی، تو دوسری طرف پاکستان کی قیادت تہران اور واشنگٹن کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی تھی۔

اس پورے سفارتی مشن کو تین اہم مراحل میں مکمل کیا گیا، جس میں وقت کی نزاکت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انتہائی رازداری برتی گئی۔

ذرائع نے کہا کہ پہلہ مرحلہ منگل کی صبح سے شروع ہو کر دن 10 بجے تک جاری رہا، جس میں امریکہ، ایران، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ابتدائی روابط قائم کیے گئے۔

دوسرا مرحلہ شام 6 بجے سے شروع ہو کر رات 9:30 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران چین اور روس کی قیادت سے بھی دن میں 3 مرتبہ رابطہ کر کے انہیں اعتماد میں لیا گیا۔

تیسرا اور فیصلہ کن مرحلے میں سب سے اہم رابطے رات 11 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوئے جو صبح 4 بجے تک مسلسل جاری رہے۔ یہی وہ وقت تھا جب جنگ بندی کے حتمی نکات پر اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔

ان روابط میں وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار اورچیف آف ڈیفنس فورسزسیدعاصم منیر براہ راست مشغول تھے جبکہ وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے پس پردہ کرداروں نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ انتہائی ذمہ داری اور رازداری سے سارا عمل مکمل کیا گیا اور پاکستان کی سول و عسکری قیادت کی کاوشیں آخر کار رنگ لے آئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close