نیپال: دنیا کی سیاسی تاریخ میں ایک دلچسپ اور منفرد واقعہ پیش آیا ہے جس نے عوام کو حیران کر دیا۔ گانے گا کر اپنے فن کا لوہا منوانے والے ریپر گلوکار بالیندرا شاہ نے اپنے گانے کے وائرل ہونے کے بعد وزیر اعظم بننے کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
35 سالہ رہنما، جنہیں بیلن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ملک کے کم عمر ترین وزیراعظم بن گئے ہیں۔ صدر رام چندرا پاؤڈل نے انہیں باضابطہ طور پر وزیراعظم مقرر کیا، جب ان کی جماعت راشٹریہ سوتنتر پارٹی نے 275 رکنی پارلیمنٹ میں 182 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی۔
یہ انتخابات ملک میں بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف نوجوانوں کی احتجاجی تحریک کے بعد منعقد ہوئے، جنہوں نے سابق حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
حلف برداری کی تقریب میں بیلن نے سیاہ لباس، روایتی ٹوپی اور چشمہ پہن کر حصہ لیا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
حلف سے ایک روز قبل انہوں نے اپنا نیا ریپ سانگ “جے مہاکالی” جاری کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔ گانے میں وہ عوام کو امید اور خوشحالی کا پیغام دے رہے تھے جبکہ ویڈیو میں انتخابی مہم کے مناظر اور عوام کا جوش بھی دکھایا گیا۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب پر چین نے بھی مبارکباد دی اور نیپال کی خودمختاری کے لیے حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی نوجوانوں کی طاقت اور روایتی سیاست کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






