روسی صدر ولادیمیر پوتن نے عیدالفطر کے موقع پر مسلمانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ تہوار ماہِ رمضان کے اختتام کی علامت ہے، جو اخلاقی بلندی، رحم دلی اور ہمدردی جیسے اعلیٰ اقدار کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کے مسلمان اپنے آباؤ اجداد کی مذہبی اور ثقافتی روایات کو عقیدت کے ساتھ برقرار رکھے ہوئے ہیں اور عید کی خوشیاں اہلِ خانہ اور کمیونٹی کے ساتھ بھرپور انداز میں مناتے ہیں۔
صدر پوتن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران خیراتی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد ایک مثبت روایت بن چکا ہے، جو معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے مسلم تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے خاندانی نظام کے استحکام، نوجوانوں کی تربیت اور سماجی اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
روسی صدر نے ان مسلمانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ملک کی آزادی اور خودمختاری کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ان کے اہل خانہ کی مدد کرنے والوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے روسی مسلمانوں کے لیے صحت، کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






