سعودی حکومت کا عمرہ ویزوں کے حوالے سے اہم اعلان

جدہ میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں عمرہ سیزن کے اختتام اور حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارت کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا یکم شوال کو روک دیا جائے گا جبکہ عمرہ زائرین کے لیے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال مقرر کی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق عمرہ زائرین کے قیام کی آخری تاریخ یکم ذوالقعدہ ہوگی۔

وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ یکم ذوالقعدہ تک تمام عمرہ زائرین کا سعودی عرب سے روانہ ہونا لازمی ہوگا تاکہ حج سیزن کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

وزارت نے عمرہ کمپنیوں کے ساتھ منعقدہ 17ویں دوری اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ عمرہ ویزا پر حج کی ادائیگی قطعی طور پر ممنوع ہے اور حج کی ادائیگی کے لیے مخصوص حج ویزا کا ہونا لازمی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ زائرین کی آمد و روانگی کی معلومات کو Nusk Masar پلیٹ فارم پر مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

ایئرپورٹس پر رش کم کرنے کے لیے زائرین کی آمد کو مختلف اوقات میں تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جبکہ رمضان المبارک کے دوران بہترین خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close