زوردار دھماکے ، عمارتیں لرز اُٹھیں

دبئی میں جمعہ کے روز زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد شہر کے مرکزی حصے میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نامہ نگار نے بتایا کہ انہوں نے اپنی عمارت کو ہلتے ہوئے محسوس کیا اور ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے کی وجہ سے شہر کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت کے بیرونی حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔ حکام نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں دبئی میڈیا آفس نے کہا کہ ایک کامیاب فضائی دفاعی کارروائی کے نتیجے میں گرنے والے ملبے نے مرکزی دبئی میں واقع ایک عمارت کے بیرونی حصے کو معمولی نقصان پہنچایا، تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

اے ایف پی کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہ شیخ زاید روڈ کی سمت سے سائرن کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔

اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی دبئی میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جب شہر کے مرکز میں دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد حکام نے البداء علاقے میں ایک معمولی ڈرون واقعے کی اطلاع دی تھی۔ اس واقعے میں بھی کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے خلیجی خطہ ایران کے حملوں سے متاثر ہوا ہے۔ اس دوران خطے میں مجموعی طور پر 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سات امریکی فوجی اہلکار اور 11 عام شہری شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close