جنگی جہاز سمندر میں تباہ،80 افراد ہلاک

کولمبو: سری لنکا کی بحریہ اور فضائیہ نے منگل کے روز ایرانی بحریہ کے ایک فریگیٹ سے موصول ہونے والی ہنگامی کال کے بعد سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 32 افراد کو زندہ بچا لیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی آبدوز نے بھارت میں بحری مشقوں کے بعد واپس ایران جانے والے فریگیٹ آئی آر آئی ایس دینا کو سری لنکا کے ساحل سے تقریباً 40 کلومیٹر دور نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس واقعے کے بعد سری لنکا کو مدد کی کال موصول ہوئی تو ریسکیو آپریشن کیا گیا جس میں 32 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ 87 سے زائد لاشیں سمندر سے نکالی جا چکی ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے سمندر میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائی کی تاہم جب امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو فریگیٹ ڈوب چکا تھا اور صرف تیل کے دھبے اور لائف رافٹس نظر آئے۔ بعد ازاں امریکی وزیر دفاع پٹ ہیگسیتھ نے تصدیق کی کہ امریکی آبدوز نے بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی فریگیٹ کو ٹارپیڈو سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسے دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ کی جانب سے کسی دشمن جہاز کو ٹارپیڈو سے ڈبونے کا پہلا واقعہ قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق آئی آر آئی ایس دینا اور دیگر ایرانی بحری جہاز بھارت کے شہر وشاکھاپٹنم میں منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2026 اور مشق میلان میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔ اس بین الاقوامی بحری اجتماع میں 74 ممالک نے حصہ لیا تھا اور ایرانی فریگیٹ کو بھارتی بحریہ کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 87 سے زائد لاشیں سمندر سے نکال کر سری لنکا کے شہر گالے کے اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں، جہاں ایک عارضی مردہ خانہ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ زخمی بچ جانے والوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close