ایران کا جنگی جہاز ڈوب گیا

کولمبو: سری لنکا کے جنوبی ساحل کے قریب ایرانی بحریہ کا جنگی جہاز ‘آئی آر آئی ایس دینا’ ڈوب گیا جس کے بعد بحر ہند میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنگی بحری جہاز پر تقریباً 180 افراد سوار تھے جن میں سے 140 تاحال لاپتا ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 30 افراد کو ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا تاہم وہ زخمی ہونے کے باعث قریبی اسپتال منتقل کر دیے گئے۔ سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ بحریہ اور فضائیہ مشترکہ طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

زخمیوں میں بعض کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں جبکہ کچھ کو جلنے کے زخم اور خراشیں آئی ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

امریکی وزیر دفاع پٹ ہیگسیتھ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی آبدوز سے فائر کیے گئے تارپیڈو نے بین الاقوامی پانیوں میں یہ جہاز ڈبویا ۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے پارلیمان کو بتایا کہ صبح جہاز سے ہنگامی سگنل موصول ہوئے جس کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ۔

حادثے کا شکار جہاز ‘آئی آر آئی ایس دینا’ ایران کی بحریہ کے 86ویں بیڑے کا حصہ تھا۔ یہ مکمل طور پر ایرانی ساختہ موڈج کلاس کا جنگی جہاز ہے ۔ نور اور قدر اینٹی شپ میزائلوں سے لیس اس بحری جہاز کی لمبائی تقریباً 95 میٹر اور وزن قریباً 1500 ٹن ہے جب کہ اس میں 76 ایم ایم فجر 27 نیول گن اور 30 ایم ایم ہتھیار نصب تھے ۔

یہ جہاز 2022 سے 2023 کے دوران تقریباً 65 ہزار کلومیٹر کا عالمی بحری سفر کر چکا ہے اور اسے ایرانی بحری طاقت کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے ۔ ایرانی جہاز بحری مشق ‘میلان 2026’ میں شرکت کے لیے خطے میں موجود تھا ۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا ہے کہ جاری جنگ کے دوران ایران کے 17 بحری جہاز ڈبو دیے گئے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close