رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات نے وفاقی وزارتوں اور سرکاری اداروں کے لیے خصوصی اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیر سے جمعرات تک سرکاری دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعے کے روز سرکاری اوقات کار صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز زیادہ سے زیادہ 70 فیصد عملے کو ورک فرام ہوم کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ وفاقی ادارے کے منظور شدہ ضوابط پر عمل کرنا لازم ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شفٹوں میں کام کرنے والے ملازمین کے اوقات کار ہر ادارہ اپنی انتظامی ضروریات کے مطابق خود طے کرے گا تاکہ اداروں کی کارکردگی متاثر نہ ہو اور ملازمین کو بھی سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ فیصلہ رمضان المبارک کے دوران ملازمین کو عبادات، افطار اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے زیادہ وقت فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عرب ممالک میں اس سال رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے متوقع ہے، تاہم اس کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






