بنگلہ دیش میں جین زی انقلاب کے بعد آج پہلے عام انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسی دوران ضلع گوپال گنج کے صدر علاقے میں ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے ریشما انٹرنیشنل اسکول کے پولنگ سینٹر میں پیش آیا۔
پولنگ اسٹیشن پر تعینات سب انسپکٹر زاہد الاسلام کے مطابق ووٹنگ کا عمل پُرامن انداز میں جاری تھا کہ اچانک قریبی نہر کے پار سے نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم پھینک دیا۔
دھماکے کے نتیجے میں سکونتھا مجمدار اور جمال حسین نامی دو انصار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ آرام باغ علاقے کے ایک ووٹر کی 14 سالہ بیٹی آمنہ خاتون بھی زخمی ہو گئی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی کلینک منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور پولنگ اسٹیشن کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ ووٹنگ کا عمل متاثر نہ ہو۔
حکام کے مطابق واقعے کے باوجود پولنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






