بنگلہ دیش میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں 22 قیراط سونا فی بھوری 2 لاکھ 69 ہزار 788 ٹکا کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ بنگلہ دیش جیولرز ایسوسی ایشن (BAJUS) کے آج جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سونے کی قیمت میں فی بھوری 7 ہزار 348 ٹکا کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق نئی قیمتوں کے تحت 22 قیراط سونے کی قیمت 23 ہزار 130 ٹکا فی گرام مقرر کی گئی ہے، جبکہ 21 قیراط سونا 22 ہزار 75 ٹکا فی گرام اور 18 قیراط سونا 18 ہزار 925 ٹکا فی گرام فروخت ہو گا۔ اس کے علاوہ بلین کی قیمت پر 5 فیصد سرکاری ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) بھی عائد کیا جائے گا۔
حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں تقریباً ہر ہفتے نئی بلند ترین سطح ریکارڈ کی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں کے رجحان اور مقامی طلب کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں تیزی برقرار ہے۔
بنگلہ دیش سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں سونا شادی بیاہ اور ثقافتی روایات کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، جہاں دلہنوں کے لیے سونے کے زیورات خوشحالی اور مالی تحفظ کی علامت تصور کیے جاتے ہیں۔ تاہم سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے جنوبی ایشیا کے اس غریب ملک میں ان روایات کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے اور عام شہریوں کے لیے سونا خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






