خوفناک آتشزدگی، 1000 مکانات خاکستر ، ہزاروں افراد بے گھر

فلپائن کے جنوبی علاقے میں واقع بارنگائے لامیون جزیرے میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا اور فلپائن کی سرکاری نیوز ایجنسی پی این اے کے مطابق آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً رات 10 بجے بھڑکی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے گنجان آباد علاقے میں پھیل گئی۔ متاثرہ بستی میں زیادہ تر مکانات لکڑی اور ہلکے تعمیراتی سامان سے بنے ہوئے تھے اور پانی پر کھمبوں کے سہارے قائم تھے، جس کے باعث آگ نے شدید تباہی مچائی۔

چار گھنٹے تک جاری رہنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 1000 مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند شعلے پورے جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں اور لوگ زمین و سمندر کے راستے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق 5 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے دو عارضی امدادی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ بونگاؤ کی مقامی انتظامیہ نے بنگسامورو وزارتِ سماجی بہبود اور صوبائی حکومت کے تعاون سے متاثرین کو خوراک، پانی اور بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

بونگاؤ رورل ہیلتھ یونٹ کی طبی ٹیمیں بھی امدادی مراکز میں تعینات کی گئی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعدد لکڑی کے فٹ برج آگ کی نذر ہو گئے جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے بدھ کی صبح تقریباً 2 بجے آگ پر قابو پانے کا اعلان کیا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close