ترکیہ کے ساحل کے قریب ایک کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کشتی یونانی کوسٹ گارڈ کے جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔ حادثے کے وقت اس میں تقریباً 39 افراد سوار تھے جو بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ جا رہے تھے۔
حادثے کے فوری بعد یونانی کوسٹ گارڈز نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران اب تک 14 لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 25 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
بچ جانے والوں میں ایک مراکشی شہری شامل ہے، باقی افراد کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔
یونانی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور امدادی ٹیمیں سمندر میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کے بعد ایک بار پھر بحیرہ روم میں تارکین وطن کے لیے محفوظ راستوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور یونان کے درمیان یہ سمندری راستہ غیر قانونی ہجرت کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے، جہاں اس طرح کے حادثات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






