ایران کے دو مختلف شہروں میں ہونے والے علیحدہ علیحدہ دھماکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں مجموعی طور پر 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیجی ساحلی شہر بندر عباس میں ہفتے کے روز ایک رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع 8 منزلہ عمارت میں ہوا، جس کے باعث عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر منہدم ہو گئیں۔ دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایرانی حکام کے مطابق بندر عباس کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب جنوب مغربی ایرانی شہر اہواز میں 4 منزلہ رہائشی عمارت میں گیس دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے 3 سالہ بچے اور ایک خاتون کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دھماکے کو پاسدارانِ انقلاب کے کسی کمانڈر کو نشانہ بنانے سے جوڑا جا رہا تھا۔
ادھر ایک اسرائیلی عہدیدار نے بھی واضح کیا ہے کہ ایرانی شہروں میں ہونے والے ان دھماکوں میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






