مشہور صحافی انتقال کر گئے

برطانیہ کے نامور براڈکاسٹر اور سینئر صحافی سر مارک ٹلی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ برطانوی نشریاتی ادارے میں دہائیوں تک خدمات انجام دیتے رہے اور بھارت سے متعلق غیر جانبدار اور گہری رپورٹنگ کے باعث “وائس آف انڈیا” کے نام سے جانے جاتے تھے۔

مارک ٹلی کو بھارت کے حالات، سیاست اور سماجی تنازعات پر مستند ترین رپورٹر اور تجزیہ نگار سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد پر ہندو انتہا پسندوں کے حملے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس دوران جان سے مارنے کی دھمکیوں کے باعث انہیں کئی گھنٹے ایک کمرے میں محصور رہنا پڑا۔ بابری مسجد کی شہادت پر تبصرہ کرتے ہوئے مارک ٹلی نے اسے برطانیہ سے آزادی کے بعد بھارت کے سیکولر تشخص کو لگنے والا “سب سے بڑا دھچکا” قرار دیا تھا۔

اپنے طویل صحافتی کیریئر میں انہوں نے بھارت میں قحط، فرقہ وارانہ فسادات، قتل و غارت، بھوپال گیس سانحہ اور سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے حملے جیسے حساس اور تاریخی واقعات کی رپورٹنگ کی۔ سر مارک ٹلی کی صحافت سچ، جرات اور دیانت کی علامت سمجھی جاتی ہے، اور ان کا انتقال عالمی صحافت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close