شدید بارش اور برفباری سے تباہی، درجنوں علاقے کٹ گئے، ہلاکتیں ہو گئیں

افغانستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز سے افغان صوبوں پروان، میدان وردک، جنوبی قندھار، شمالی جوزجان، فاریاب اور وسطی بامیان سمیت کئی علاقوں میں مسلسل بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمی شدت کے باعث ملک بھر میں کم از کم 61 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق 458 سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں، شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیشِ نظر اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مویشیوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے افغانستان کے بعض علاقوں میں مزید برفباری متوقع ہے، جس کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ قدرتی آفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان پہلے ہی سنگین انسانی بحران سے دوچار ہے، جہاں لاکھوں افراد غربت، خوراک کی کمی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث امدادی اداروں پر انحصار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close