امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے ممکنہ معاہدے کی صورت میں کینیڈا پر سخت معاشی پابندیاں لگانے کی دھمکی دے دی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر کینیڈا نے چینی مصنوعات کو امریکا پہنچانے کے لیے خود کو “ڈراپ پورٹ” بنانے کی کوشش کی تو یہ ایک سنگین غلطی ہوگی۔ ان کے مطابق کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی اس حقیقت کو نظرانداز کر رہے ہیں کہ چین بالآخر کینیڈا کے کاروبار، سماجی ڈھانچے اور طرزِ زندگی کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ کسی بھی قسم کا تجارتی معاہدہ کیا تو امریکا کینیڈین مصنوعات پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی نے امریکا کی جانب سے گرین لینڈ کے معاملے پر ممکنہ ٹیرف کی سخت مخالفت کی تھی۔ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ سے متعلق تجارتی دباؤ ناقابلِ قبول ہے۔ مارک کارنی نے مزید کہا کہ کینیڈا آرکٹک خطے میں سلامتی اور خوشحالی کے لیے سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کا حامی ہے، اور اس معاملے پر کینیڈا گرین لینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






