فضائی حملہ ،3 صحافی جاں بحق

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں 3 فلسطینی صحافی جاں بحق، اے ایف پی فری لانسر بھی متاثر

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں اے ایف پی کے فری لانسر صحافی سمیت 3 فلسطینی صحافی ہلاک ہو گئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق حملہ غزہ سٹی کے جنوب مغرب میں الزہرہ کے علاقے میں ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں محمد صلاح قشطہ، عبدالرؤف شعت اور انس غنیم شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق عبدالرؤف شعت ماضی میں اے ایف پی کے لیے فوٹو اور ویڈیو صحافی کے طور پر کام کر چکے تھے، تاہم حملے کے وقت وہ کسی اسائنمنٹ پر موجود نہیں تھے۔ لاشیں دیر البلح میں الاقصیٰ شہداء اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ وسطی غزہ میں حماس سے منسلک ایک ڈرون چلانے والے مشتبہ افراد کو نشانہ بنایا گیا کیونکہ ڈرون فوجی اہلکاروں کے لیے خطرہ بن رہا تھا۔ تاہم عینی شاہدین اور مصری ریلیف کمیٹی کے مطابق صحافی انسانی ہمدردی کے مشن کی کوریج کے دوران ڈرون کے ذریعے تصاویر بنا رہے تھے کہ حملے کا نشانہ بن گئے۔

حماس نے حملے کو جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ فلسطینی صحافی یونین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو منظم اور دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں کشیدگی جاری ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 466 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ عالمی میڈیا واچ ڈاگ کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری حملوں میں تقریباً 220 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے باعث غزہ دنیا بھر میں صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک علاقہ بن چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close