واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت اور غیر معمولی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی حکومت نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج ایران کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب ٹرمپ سے ایران کی جانب سے ممکنہ دھمکیوں سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران ایسا قدم اٹھائے گا، تاہم اس حوالے سے انہوں نے پہلے ہی ایک نوٹیفکیشن تیار کروا رکھا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی جانب سے انہیں نقصان پہنچایا گیا تو امریکا ایران کو مکمل طور پر تباہ کردے گا۔ ان کے مطابق یہ انتباہ محض بیان نہیں بلکہ ایک واضح پیغام ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ایرانی سپریم لیڈر نے ایران میں ہونے والے مظاہروں کے دوران جانی و مالی نقصانات کا ذمہ دار امریکی صدر ٹرمپ کو قرار دیا تھا۔
دوسری جانب چند روز قبل امریکا کے سابق سفیر ڈان شپیرو نے بھی ایک متنازع دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں


