وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا ماچاڈو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران انہیں اپنا امن نوبل انعام کا میڈل پیش کر دیا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق، صدر ٹرمپ نے یہ میڈل قبول کر لیا ہے اور اسے اپنے پاس رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اسے “باہمی احترام کی شاندار علامت” قرار دیتے ہوئے ماریہ کا شکریہ ادا کیا۔ ماریہ ماچاڈو نے ملاقات کے بعد کہا کہ یہ تحفہ ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے عوام کی آزادی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ ملاقات اس وقت ہوئی ہے جب امریکا کی زیر قیادت فوجی کارروائی کے بعد وینزویلا میں عبوری حکومت قائم ہے۔ واضح رہے کہ ناروے کے نوبل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق، نوبل انعام کسی دوسرے فرد کو منتقل نہیں کیا جا سکتا اور یہ اعزاز اصل وصول کنندہ ہی کا رہتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






