واشنگٹن: امریکا نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں امریکا کے ورچوئل سفارت خانے نے پیر کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے تیزی سے شدت اختیار کر رہے ہیں، جو کسی بھی وقت پرتشدد صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری کسی بھی قسم کی حکومتی مدد پر انحصار نہ کریں اور جلد از جلد ملک سے نکلنے کے انتظامات خود کریں۔ سفارت خانے نے مشورہ دیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیہ کے راستے ایران چھوڑا جائے۔ جو افراد کسی وجہ سے ایران چھوڑنے سے قاصر ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر گھروں کے اندر رہیں۔
امریکی بیان کے مطابق ایران میں مظاہروں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جن کے دوران متعدد افراد گرفتار اور زخمی ہو چکے ہیں۔ سڑکوں کی بندش، پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی اور انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ احتجاجی علاقوں کا سفر ہرگز نہ کریں۔ جاری بحران کے باعث متعدد ایئر لائنز نے کم از کم 16 جنوری تک ایران کے لیے اپنی پروازیں منسوخ یا معطل کر دی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






