اوٹاوا: کینیڈا نے سیاحت کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اپنے سفارتی روابط مضبوط بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 13 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد کیریبین اور لاطینی امریکا کے کئی ممالک کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں بغیر ویزا کینیڈا کا سفر کر سکیں گے۔ کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ساتھ الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (eTA) پروگرام کو بھی مزید ممالک تک وسعت دے دی گئی ہے، جس کا مقصد قلیل مدت کے سفر کے لیے داخلے کے عمل کو تیز اور آسان بنانا ہے۔
ویزا فری یا eTA سہولت حاصل کرنے والے ممالک میں مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور یوراگوئے شامل ہیں۔ خصوصاً کیریبین خطے کے پانچ ممالک کی شمولیت کو کینیڈا اور ان ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت صرف ان مسافروں کو دی جائے گی جو ہوائی سفر کے ذریعے کینیڈا پہنچیں گے اور جنہوں نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران کینیڈین ویزا حاصل کیا ہو یا اس وقت ان کے پاس امریکا کا درست نان امیگرنٹ ویزا موجود ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






