سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے قریب واقع مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے
جس کے نتیجے میں اب تک 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور وہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل امریکہ کے ایک نرسنگ ہوم میں بھی تباہ کن دھماکہ ہوا تھا جس میں 2 افراد ہلاک اور درجنوں پھنس گئے تھے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اس المناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی جانب سے سوئس حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھی اعلان کیا ہے۔ سوئس حکام فی الحال دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں، جبکہ عالمی برادری نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ کی حکومت کو امداد کی پیشکش کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






