ترکیے میں رواں سال ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن گرفتار
ترکیے میں رواں سال کے دوران غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترک مائیگریشن اتھارٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گرفتار ہونے والوں میں افغان شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جن کی تعداد 42 ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔
افغان شہریوں کے بعد شامی شہریوں کی گرفتاریوں کی تعداد زیادہ رہی، جبکہ ازبکستان، ترکمانستان اور ایران سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں حراست میں لیے گئے۔
اگرچہ رواں سال بھی غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے، تاہم مجموعی گرفتاریوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی ہے۔ سال 2024 کے دوران ترکیے بھر میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد غیرقانونی مہاجرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں غیرقانونی ہجرت کی روک تھام اور بارڈر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






