قاسم خان اور سلیمان کا عمران خان سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان نے بتایا ہے کہ وہ جنوری میں پاکستان کا دورہ کرنے اور اپنے والد سے ملنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

لندن میں رہنے والے دونوں بھائیوں نے اسکائی نیوز کو انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے پاکستانی ویزے کے لیے درخواست دے دی ہے اور امید ہے کہ جنوری تک ویزے مل جائیں گے۔ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان آ سکتے ہیں اور اپنے والد سے مل سکتے ہیں۔

اینکر کے اس سوال پر کہ آیا وہ عمران خان سے کسی “ڈیل” پر بات کریں گے، قاسم خان نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد ان کی زندگی کا مقصد ہے اور وہ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر وہ ڈیل کر کے انگلینڈ آ گئے تو وہ ڈپریشن میں چلے جائیں گے، کیونکہ انہوں نے اپنا ملک برباد ہونے کے لیے چھوڑ دیا ہوگا۔”

قاسم نے بتایا کہ وہ اپنے والد سے یہ جاننا چاہیں گے کہ انہیں کیسے رہا کیا جا سکتا ہے، کیونکہ وہ اب خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان ہمیشہ اپنے بارے میں بات کرنے سے گریز کرتے ہیں اور اپنے خاندان کی خبر گیری کرتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عمران خان کبھی جیل سے باہر آئیں گے، تو قاسم کا جواب مایوس کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ شاید وہ اپنے والد کو دوبارہ کبھی نہ دیکھ سکیں۔

سلیمان خان نے زور دیا کہ عمران خان کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے والے شخص نہیں ہیں، اور بین الاقوامی دباؤ ہی صورت حال میں تبدیلی لا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close