فوجی طیارہ کریش کرگیا،تمام افراد ہلاک

سوڈان کے مشرق میں فوجی مال بردار طیارہ الیوشین آئی ایل-76 ہنگامی لینڈنگ کے دوران کریش کر گیا، حادثے کے نتیجے میں عملے کے تمام ارکان جان کی بازی ہار گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے کو تکنیکی خرابی کا سامنا تھا اور وہ بحیرہ احمر کے پورٹ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق لینڈنگ کی کوشش کے دوران طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ سوڈان کی فوج نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز میں موجود تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں، تاہم ان کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور طیارے میں موجود افراد کی تعداد کی تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ سوویت یونین کے زمانے کے ڈیزائن کردہ آئی ایل-76 طیارے کو بھاری سامان اور اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے طویل عرصے سے سوڈانی فوج استعمال کر رہی ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اپریل 2023 سے فوج اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان اقتدار اور طاقت کے حصول کی جنگ جاری ہے، جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور تقریباً بارہ ملین لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close