غیر ملکیوں کے لیے اہم خبر، نیا قانون نافذ

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ملک میں رہائش اور امیگریشن قوانین مزید سخت کر دیے ہیں، اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے بھاری جرمانے اور قید کی سزا متعین کر دی گئی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق یہ اقدام ملک میں سلامتی، استحکام اور معاشرتی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملازمت یا رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ضروری ہے، کیونکہ یہ عوامی نظم و نسق اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ وفاقی قانون نمبر 29 برائے 2021 کے تحت دراندازوں کو پناہ دینے یا انہیں ملازمت فراہم کرنے پر کم از کم 1 لاکھ درہم جرمانہ اور دو ماہ قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ منظم گروہوں یا متعدد افراد کی صورت میں جرمانہ 50 لاکھ درہم تک پہنچ سکتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ قانونی ذمہ داری صرف پناہ دینے تک محدود نہیں؛ کوئی بھی شخص جو غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم افراد کو رہائش، ملازمت یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرے، وہ بھی جرم میں شریک ہوگا۔ اماراتی حکام نے یہ واضح کر دیا ہے کہ رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کو قومی سلامتی کے خلاف سنگین جرم سمجھا جائے گا۔ نئے قوانین ملک میں ترقی کے لیے محفوظ ماحول، قانون کی بالادستی اور منظم معاشرت قائم رکھنے کے لیے اہم اقدام ہیں۔ لیبر مارکیٹ کے تحفظ اور امیگریشن قوانین پر سخت عمل درآمد کے لیے حکومت نے زیرو ٹالرنس پالیسی بھی نافذ کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close