بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کی انتظامی غفلت کے باعث پائلٹس کے اوقاتِ کار کا تعین تاحال ممکن نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں آج بھی سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کے فلائٹ آپریشنز گزشتہ پانچ روز سے شدید بحران کا شکار ہیں، اور پائلٹس کی قلت کے باعث ملک بھر میں متعدد گھریلو پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق بھارت کی سب سے بڑی نجی ایئرلائن انڈیگو 400 طیاروں کے ذریعے روزانہ 2300 پروازیں چلاتی ہے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے پیشگی منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب پائلٹس کا شدید بحران پیدا ہو گیا۔
نئی دہلی، ممبئی، پونے، بنگلورو، چنئی، حیدرآباد اور گجرات سمیت مختلف ایئرپورٹس سے اب تک 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر مشکلات کا شکار ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام نے فضائی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پائلٹس کے اوقاتِ کار سے متعلق نئی پابندیاں نافذ کی ہیں۔ انڈیگو ایئرلائن کا کہنا ہے کہ وہ یکم نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل ان نئے قواعد کے نفاذ کی مناسب تیاری نہیں کر سکی، جس کے باعث دسمبر کے مصروف ٹریول سیزن کے آغاز پر بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی ناگزیر ہو گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






