لڑاکا طیارہ ایف 16 تباہ

جنوبی کیلیفورنیا میں امریکی فضائیہ کا تھنڈر برڈ ایف-16 سی لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ امریکی فضائیہ کے مطابق پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ ہو کر اپنی جان بچا لی۔

امریکی میڈیا کے مطابق فضائیہ نے حادثے کی وجوہات بیان نہیں کیں اور کہا ہے کہ واقعہ تحقیقات کے مراحل میں ہے۔ مزید معلومات 57ویں ونگ کے پبلک افیئرز آفس جاری کرے گا۔

حادثے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے صحیح وقت پر طیارے سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔ طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی شعلوں میں لپٹ گیا اور تباہ ہوگیا۔

امریکی فضائیہ کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 45 منٹ پر ’’کیلیفورنیا کی کنٹرولڈ ایئر اسپیس‘‘ میں ایک تربیتی مشن کے دوران پیش آیا۔ لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق یہ جیٹ نیلیس ایئر فورس بیس کی ایلیٹ ڈیمونسٹریشن ٹیم تھنڈر برڈز کے لیے مختص تھا۔

سان برنارڈینو کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پائلٹ کو ایجیکشن کے دوران معمولی چوٹیں آئیں اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ہنگامی کال ٹرونا کے قریب موصول ہوئی، جو موہاوی صحرا میں لاس اینجلس سے تقریباً 180 میل شمال میں واقع ہے۔

ایف-16 سی لڑاکا طیارہ ایف-16 اے اور بی ماڈلز کے مقابلے میں جدید ایویونکس اور بہتر ہتھیاروں سے لیس ایک سنگل سیٹ ورژن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close