لیبیا کی معروف وی لاگر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خنساء مجاہد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ لیبیا کے دارالحکومت تریپولی کے علاقے السراج میں پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے خنساء کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وی لاگر نے اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش کی، تاہم مسلح افراد نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے براہ راست فائرنگ کی اور متعدد گولیاں برسا کر انہیں ہلاک کر دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آوروں نے معروف وی لاگر کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی، اور اب تک ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
مقامی پولیس کے مطابق خنساء کی گاڑی کے شیشوں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں، جبکہ واقعہ سے گولیوں کے خول جمع کر کے فرانزک لیبارٹری کے لیے بھیج دیے گئے ہیں تاکہ تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ وی لاگر خنساء مجاہد فیشن اور بیوٹی پارلر کے کاروبار سے وابستہ تھیں اور لیبیا کی خواتین میں ان کی خاصی مقبولیت تھی۔ ان کے اپنے بیوٹی سیلون اور خواتین کے ملبوسات کے آؤٹ لیٹس بھی تھے، جبکہ وہ لیبیا کی سیاسی جماعت زاویہ کے رہنما معاذ المنفوخ کی اہلیہ بھی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وی لاگر کے قتل کی تفتیش میں سیاسی قتل کا پہلو بھی زیر غور ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






