روس کے جنوبی علاقے داغستان میں ایک افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ہیلی کاپٹر فوجی فیکٹری کے ملازمین کو لے جا رہا تھا جب یہ ساحلی علاقے کے قریب لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ عینی شاہدین کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی دم زمین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ٹیل روٹر ٹوٹ گیا۔ پائلٹ نے طیارے پر قابو پانے کی کوشش کی، مگر ناکام رہا اور ہیلی کاپٹر گھومتا ہوا گاؤں آچی سو کے قریب ایک رہائشی عمارت سے جا ٹکرایا۔
ٹکر کے فوراً بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ مقامی حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






