مذہبی مقام پر بھگدڑ، کئی افراد ہلاک

بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک مندر میں بھگدڑ سے 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ پاوان کالیان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہے جبکہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ کاسیگوبا کے سری وینکاٹیسوارا سوامی مندر میں ہندو مذہبی تقریب کے دوران پیش آیا جب عبادت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ جاں بحق افراد میں 8 خواتین اور ایک لڑکا شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقامی انتظامیہ اور میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر میں گنجائش سے زیادہ تقریباً 25 ہزار افراد موجود تھے، وہاں داخلے اور اخراج کے لیے علیحدہ دروازے نہیں تھے۔ افراتفری اس وقت مچی جب ہجوم پر ریلنگ گر گئی اور لوگ ایک دوسرے پر چڑھنے لگے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مندر کی انتظامیہ نجی ہے اور تقریب کے انعقاد کے لیے سرکاری منظوری نہیں لی گئی تھی، جس کے باعث حفاظتی انتظامات ناکافی تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close