افسوسناک کشتی حادثہ ، جانی نقصان

بھارت کے اتر پردیش میں بھارتپور کے قریب کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک 60 سالہ خاتون اور پانچ بچے شامل ہیں۔ تمام افراد لکھیم پور ضلع کے خیراتیا گاؤں سے تعلق رکھتے تھے اور کشتی کے ذریعے بھارتپور جا رہے تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ندی میں پانی کے بہاؤ میں اچانک تیزی آنے سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گئی۔ مقامی غوطہ خوروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور نعشوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں مکمل کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اس سے قبل ترکیہ کے ساحل کے قریب بھی ایک کشتی حادثہ پیش آیا تھا، جس میں کم از کم 14 مہاجرین ہلاک ہوگئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق بحیرہ ایجیئن میں ربڑ کی کشتی الٹنے سے متعدد افراد سمندر میں ڈوب گئے۔ یہ حادثہ سیاحتی شہر بودروم کے قریب پیش آیا۔

مغلا صوبے کے گورنر آفس کے مطابق ایک افغان شہری تیر کر کنارے پہنچا اور حکام کو اطلاع دی۔ اس کے مطابق کشتی میں 18 افراد سوار تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے سمندر سے 14 لاشیں برآمد کر لی ہیں جبکہ دو افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ایک اور زندہ بچ جانے والا شخص بودروم کے قریب چیلبی جزیرے سے ملا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close