خوفناک دھماکہ ، بڑا جانی نقصان

میکسیکو سٹی میں ایک گیس ٹینکر کے الٹنے کے بعد ہونے والے زوردار دھماکے سے ہولناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دارالحکومت کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ہائی وے پر اُس وقت پیش آیا جب گیس سے بھرا ایک ٹینکر چالکو اور اِزتاپالاپا کے سنگم پر الٹ گیا۔ اُلٹنے کے فوراً بعد ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس سے آگ کے شعلے بلند ہوئے اور متعدد گاڑیاں لپیٹ میں آ گئیں۔

مقامی حکام کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئیں۔ زخمیوں میں درجنوں افراد جھلسے ہوئے ہیں جن میں 19 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جن میں ٹینکر کا ڈرائیور، ایک شیر خوار بچہ اور دو سالہ بچہ بھی شامل ہیں۔

فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جائے وقوعہ کی ڈرون فوٹیج میں فائر فائٹرز کو جلی ہوئی گاڑیوں پر پانی ڈالتے اور حالات قابو میں لاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

میکسیکو سٹی کی میئر، کلارا بروگادا نے اس سانحے کو ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر تصدیق کی کہ حادثے میں 3 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جسے مزید طبی جانچ کے بعد اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

ریسکیو اور طبی ٹیمیں متاثرین کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close