عمرے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری، سعودی عرب کا نیا اقدام

سعودی حکومت نے عمرے کے خواہشمند غیر ملکی مسلمانوں کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ویزا کے حصول کو پہلے سے زیادہ آسان بنا دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک مقیم زائرین کے لیے ’نسک عمرہ‘ نامی آن لائن سروس کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت عمرہ زائرین اب بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست ویزا کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے زائرین نہ صرف ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے بلکہ رہائش، ٹرانسپورٹ اور ٹورز جیسی سہولتیں بھی آن لائن بک کر سکیں گے۔ وزارت کے مطابق یہ سہولت umrah.nusuk.sa

پر دستیاب ہے، جہاں زائرین اپنی سہولت کے مطابق مربوط یا علیحدہ علیحدہ پیکجز حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ اگر کسی زائر کو آن لائن سروس کے استعمال میں دشواری پیش آئے تو پلیٹ فارم پر منظور شدہ ٹریول ایجنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ ان کے ذریعے درخواست دے سکے۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق یہ نیا اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی میزبانی، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور زائرین کے مجموعی تجربے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close