افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں ایک اندوہناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہو گئی ہے، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حالیہ برسوں کا سب سے ہولناک روڈ حادثہ ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان محمد یوسف سعیدی کے مطابق حادثہ منگل کی شب ہرات شہر کے نواحی علاقے “ضلع گذارہ” میں پیش آیا، جہاں ایران سے واپس آنے والے افغان شہریوں کو لے جانے والی ایک مسافر بس، ایک موٹرسائیکل اور تیل سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے نتیجے میں 76 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین شدید زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق بیشتر لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابلِ شناخت ہیں، جس سے شناخت کا عمل مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی “بختار” کے مطابق یہ حادثہ افغانستان کی حالیہ تاریخ کے بدترین ٹریفک سانحات میں سے ایک ہے۔
اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (IOM) کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک ایران اور پاکستان سے تقریباً 15 لاکھ افغان مہاجرین واپس آ چکے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک نے غیر قانونی اور طویل عرصے سے مقیم افغان باشندوں کی واپسی کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں