پاکستان کے یومِ آزادی پر مودی کا نفرت انگیز پیغام

پاکستان کے یومِ آزادی پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک نفرت انگیز پیغام سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے بلاواسطہ طور پر پاکستان پر تنقید کی۔

مودی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں پاکستان کا نام لیے بغیر 14 اگست کو ’’پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے‘‘ (یومِ تقسیم کے المیوں کی یاد) قرار دیا۔

اپنے ٹوئٹ میں نریندر مودی نے لکھا کہ “یہ دن ہمیں تاریخ کے اس افسوسناک باب کی یاد دلاتا ہے، جب لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور انہیں شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ان لوگوں کی ہمت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے ناقابلِ برداشت نقصان سہنے کے باوجود نئی زندگی کا آغاز کیا۔

مودی نے مزید دعویٰ کیا کہ تقسیم سے متاثرہ افراد نے نئی زندگیاں حاصل کیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں بھی سمیٹیں۔ ان کے مطابق، یہ دن ملک میں ہم آہنگی اور اتحاد کو مزید مستحکم بنانے کی یاد دہانی بھی ہے۔

تاہم، مودی کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردِ عمل دیا۔ ایک خاتون صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا، “آپ آج بھی مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں، کچھ نہیں بدلا۔” ایک اور صارف نے طنزاً کہا، “سر، آپ خود ملک میں ایک اور ہندو-مسلم تقسیم پیدا کر رہے ہیں۔”

مودی کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا جب پاکستانی عوام یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منا رہے تھے، اور کئی مبصرین نے اسے ایک سیاسی چال قرار دیا جس کا مقصد ایک مخصوص بیانیے کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close