سعودی عرب میں ملازمتوں کے خواہش مند افراد کیلیے بڑی خبر

راولپنڈی: سعودی عرب میں بلیو کالر ملازمتوں کے لیے راولپنڈی میں پہلی بار ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 20 امیدواروں کی اسسمنٹ مکمل کر لی گئی۔

ڈرائیونگ ٹیسٹ میں موٹر سائیکل، کار اور ٹیکسی ڈرائیورز نے کمپیوٹر اور عملی امتحان میں حصہ لیا۔ ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کو سعودی عرب کی کمپنی تکامل ہولڈنگ کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے، جس کے تحت وہ سعودی عرب میں بلیو کالر ملازمتوں کے اہل تصور ہوں گے۔

اس اسسمنٹ کا انعقاد لائسنس برانچ کے اسسمنٹ انچارج، نیفڈیک کے نمائندے اور دیگر افسران کی نگرانی میں کیا گیا۔ سٹی ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان افراد کے لیے سنہری موقع ہے جو بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے ٹیسٹ کے شفاف اور کامیاب انعقاد پر عملے کو سراہا اور کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close