بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان، الرٹ جاری کر دیا گیا

بھارت کی جانب سے آئندہ دو روز کے دوران دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہو چکی ہے۔ بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں اگلے دنوں میں پانی چھوڑے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث بھی پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے، ارسا اور محکمہ آبپاشی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح معمول پر آ چکی ہے، تاہم آئندہ دنوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔

دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

انتظامیہ نے دریاؤں کے کنارے یا پاٹ میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی صورتِ حال میں فوری انخلاء کے لیے انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں، جبکہ سیلابی حالات میں دریاؤں کے اطراف پکنک منانے یا غیر ضروری آمد و رفت سے پرہیز کیا جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں صبح کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آ گئی ہے، شہر کا کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close