ڈونلڈ ٹرمپ کی طلاق کے دن ڈیٹ کی پیشکش، ایما تھامسن کا انکشاف

آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ ایما تھامسن نے انکشاف کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 1998ء میں اُن سے اسی روز ڈیٹ پر چلنے کی پیشکش کی جس دن ان کا طلاق نامہ جاری ہوا۔

سوئٹزرلینڈ میں لوکارنو فلم فیسٹیول کے دوران، جہاں 66 سالہ اداکارہ کو کیریئر میں شاندار کامیابیوں پر ’لیپرڈ کلب ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔ ایما کے مطابق، وہ فلم پرائمری کلرز کی شوٹنگ میں مصروف تھیں جب اُن کے ٹریلر میں فون کی گھنٹی بجی اور دوسری جانب سے آواز آئی: “ہیلو، میں ڈونلڈ ٹرمپ بول رہا ہوں”۔ پہلے انہیں لگا کوئی مذاق کر رہا ہے، مگر ٹرمپ نے کہا: “میں چاہوں گا کہ آپ میرے کسی خوبصورت مقام پر آئیں اور ہم ڈنر کریں”۔ اداکارہ نے مؤدبانہ انداز میں جواب دیا: “دعوت دینے کا شکریہ، میں آپ کو بتا دوں گی”۔

مزاحیہ انداز میں بات کرتے ہوئے ایما نے کہا کہ چونکہ اسی روز ان کا طلاق نامہ جاری ہوا تھا، انہیں لگا ٹرمپ شاید کسی “اچھی اور طلاق یافتہ خاتون” کو تلاش کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ نے اُن کا نمبر اُن کے ٹریلر سے حاصل کیا، جسے وہ ’سیدھی سیدھی اسٹاکنگ‘ قرار دیتی ہیں۔ ایما نے مزید کہا: “اگر میں ٹرمپ کے ساتھ ڈیٹ پر چلی جاتی تو شاید امریکی تاریخ کا رُخ بدل جاتا”۔

یاد رہے، ایما تھامسن کی پہلی شادی 1989ء میں اداکار کینیٹھ برانا سے ہوئی تھی جو 1995ء میں ختم ہو گئی۔ بعد ازاں، 2003ء میں انہوں نے اداکار گریگ وائز سے شادی کی۔ دوسری جانب ٹرمپ اُس وقت اپنی دوسری بیوی مارلا میپلز سے علیحدہ ہو چکے تھے اور 2005ء میں میلانیا ٹرمپ سے شادی کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close