روس کے علاقے کامچٹکا میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت 5.4 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کامچٹکا میں زلزلے کے 7 جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جن کی شدت 4.1 سے 5.4 کے درمیان رہی جبکہ گہرائی 10 سے 97 کلومیٹر کے درمیان نوٹ کی گئی۔
یاد رہے کہ 30 جولائی کو اسی علاقے میں 8.7 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ 10 فٹ تک بلند سونامی لہریں روس، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ساحلی علاقوں سے ٹکرائی تھیں۔
اس کے بعد 4 اگست کو ایک اور 7 شدت کا زلزلہ آیا، اور اسی رات 600 سال بعد ایک آتش فشاں بھی پھٹ پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرشینینیکوف آتش فشاں 1463ء کے بعد پہلی بار پھٹا۔ اس کے پھٹنے سے راکھ کے بادل کئی ہزار میٹر بلندی تک فضا میں بلند ہو گئے جو مشرق کی سمت بحرالکاہل کی جانب بڑھتے دیکھے گئے۔ خوش قسمتی سے ان کے راستے میں کوئی انسانی آبادی نہیں تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں