راہول گاندھی کا الزام: مودی کی جیت جعل سازی کا نتیجہ

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ پچھلے عام انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کی جیت بڑے پیمانے پر دھاندلی کا نتیجہ تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ مل کر عوام کے ووٹ چرائے اور جمہوریت پر ڈاکا ڈالا۔

راہول گاندھی کے مطابق، انہوں نے اس حوالے سے دستاویزی ثبوت پیش کیے ہیں جن میں انکشاف ہوا ہے کہ کئی حلقوں میں ڈپلی کیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں، جعلی پتوں کا اندراج کیا گیا، اور بعض جگہوں پر جعلی تصاویر کا استعمال ہوا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ کم از کم 100 سے زیادہ نشستوں پر انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ جعل سازی نہ ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ مزید برآں، راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی، مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا، جبکہ الیکشن کمیشن کی موجودہ کارروائیاں ’’غداری‘‘ کے مترادف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close