سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دے دی ہے تاکہ بھارت کے 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 5 اگست کو بطور یوم سیاہ منائیں گے اور مکمل ہڑتال کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ 5 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جس دن بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت اور اس کی الگ شناخت کو چھین لیا۔
آزادی پسند تنظیموں اور حریت کانفرنس کی جانب سے سرینگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی پوسٹرز بھی چسپاں کیے گئے ہیں، جن میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی واپسی، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ طور پر آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں