روس کے مشرقی ساحلی علاقے کامچاٹکا میں 8.8 شدت کا زبردست زلزلہ آیا ہے جس کے بعد بحرالکاہل کے مختلف ممالک میں سونامی کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ متاثرہ ممالک میں جاپان، ہوائی، گوام، فلپائن اور مائیکرونیشیا شامل ہیں۔
امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے فوری طور پر جاپان کے شمالی و مشرقی ساحلی علاقوں کے لیے انتباہ جاری کر دیا ہے۔ جاپانی حکومت نے ہوکائیدو، چیبا اور فوکوشیما سمیت 21 ساحلی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر کے تقریباً 19 لاکھ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق ہوکائیدو کے ساحل پر ابتدائی طور پر 40 سینٹی میٹر بلند سونامی لہر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ تین میٹر تک بلند لہروں کے امکانات بدستور موجود ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے جاپان کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فوکوشیما کے جوہری پاور پلانٹ کے قریب آبادی کو احتیاطی تدابیر کے تحت نکال لیا گیا ہے، اور پلانٹ میں کسی قسم کی خرابی کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دوسری جانب، چیبا کے ساحل پر چار بڑی وہیلز مردہ پائی گئی ہیں، جس سے قبل از سونامی ماحولیاتی خرابی کے اندیشے بڑھ گئے ہیں۔
جاپان کے وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری معلومات پر انحصار کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں