ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ، بیماری کی تشخیص ہو گئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں نسوں کی ایک دائمی مگر غیر سنگین بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ کو ٹانگوں اور ٹخنوں میں سوجن کی شکایت پر طبی معائنے کے بعد Chronic Venous Insufficiency (CVI) یعنی رگوں کی کمزوری کی بیماری لاحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ صدر کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے اور ان میں دل کی کسی بیماری کے آثار نہیں پائے گئے۔ ان کے مطابق ہاتھ پر ظاہر ہونے والے نیل اور زخم کے نشانات بار بار مصافحے اور اسپرین کے مستقل استعمال کی وجہ سے جلد کے ٹشوز کو پہنچنے والے نقصان کا نتیجہ ہیں۔ صدر ٹرمپ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے روزانہ اسپرین استعمال کرتے ہیں۔

79 سالہ صدر کا حالیہ معائنہ اس وقت کیا گیا جب ان کی تصاویر منظر عام پر آئیں جن میں ان کے سوجے ہوئے ٹخنے اور زخمی ہاتھ نمایاں تھے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نسوں کی کمزوری کی علامات عموماً عمر رسیدہ افراد میں ظاہر ہوتی ہیں، اور صدر ٹرمپ بھی انہی عمومی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صدر کی صحت مستحکم ہے اور انہیں روزمرہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close