بیرون ملک جانے کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر

کویت نے ویزا جاری کرنے کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے کے لیے ایک جدید الیکٹرانک نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس نظام کا مقصد نہ صرف ویزا کے اجرا کو ڈیجیٹل بنانا ہے بلکہ ملک کو خطے میں ایک پرکشش سیاحتی و تجارتی مرکز بنانے کی حکومتی حکمتِ عملی کو عملی جامہ پہنانا بھی ہے۔

اس نظام کے تحت ابتدائی طور پر درج ذیل چار اقسام کے ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے،

  • سیاحتی ویزا جس کی مدت 3 ماہ ہے
  • خاندانی ویزا جس کی مدت 30 دن ہے
  • تجارتی ویزا کی مدت بھی 30 دن ہے
  • سرکاری ویزا بھی 30 دن پر محیط ہے

سیاحتی ویزا تین ماہ (90 دن) کے لیے جاری کیا جائے گا، جو سیاحوں کو کویت کی سیر و تفریح اور ثقافتی تجربات سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔

خاندانی ویزا 30 دن کے لیے ان غیر ملکی مکینوں کی درخواست پر جاری کیا جائے گا جو اپنے اہل خانہ کو کویت بلانا چاہتے ہیں۔

تجارتی ویزا بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں کو کاروباری اجلاسوں، نمائشوں اور تقاریب میں شرکت کے لیے جاری کیا جائے گا۔

سرکاری ویزا سرکاری وفود اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کو دیا جائے گا جو کویت کی دعوت پر سرکاری امور کے لیے ملک کا دورہ کریں گے۔

کویتی وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدام ملک کی سمارٹ گورننس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد خدمات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کرنا، شفافیت کو فروغ دینا، اور بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں دیگر اقسام کے ویزوں کو بھی اس الیکٹرانک نظام میں شامل کر کے مکمل خودکار اور ڈیجیٹل ویزا سروس فراہم کی جائے گی۔

یہ جدید نظام نہ صرف ویزا درخواست دہندگان کا وقت بچائے گا بلکہ ملک میں داخلے کے نظام کو بھی مؤثر اور محفوظ بنائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close